ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 30 اپریل تک توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 30 اپریل تک توسیع کردی گئی، قائم علی شاہ کے خلاف دادو اور ٹھٹھہ شوگر مل میں انکوائری چل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی اپیل پر سماعت ہوئی،سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

قائم علی شاہ اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کےساتھ عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس عامرفاروق نے خوشگوار موڈ میں فاروق نائیک سے استفسار کیا آپ کیوں پیش ہوئے صرف جواب طلب کرنا تھا، جس پر نیب نے جواب داخل کرانے کے لئے وقت مانگ لیا۔

سماعت کے دور ان عدالت نے سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 30 اپریل تک توسیع کردی۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا قائم علی شاہ کی انکوائری سے متعلق آج جواب نہیں دیا جائے گا، صرف زبانی دلائل دیےجائیں گے، انکوائری رپورٹ پرتحریری جواب تیار کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ضمانت آج ختم ہورہی ہے، عبوری ضمانت میں توسیع نا ہونے کی صورت میں نیب حکام آج انھیں گرفتار کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس : سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور

گزشتہ سماعت میں عدالت نے 10,10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

خیال رہے گذشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بیان ریکارڈ کرانے نیب ہیڈکوارٹرز پہنچےتھے تو نیب کی 6رکنی ٹیم وزیراعلیٰ سندھ سے ٹھٹھہ، دادو شوگرملز کیس میں پوچھ گچھ کی تھی۔

بعد ازاں سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، درخواست مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار کا منی لانڈرنگ سے کوئی لینا دینا نہیں سیاسی بنیادوں پر نام شامل کیا گیا اور استدعا کی جب تک کیس کی سماعت مکمل نہیں ہوجاتی قائم علی شاہ کو گرفتار نہ کیا جائے۔

اہم ترین

مزید خبریں