اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نندی پور ریفرنس میں نیب کی احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں مسترد کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم بابر اعوان کی بریت کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نندی پور ریفرنس میں نیب کی احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
فیصلے میں عدالت نے نندی پور ریفرنس میں نیب کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بابر اعوان کی بریت کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
اسلام ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا سابق سیکریٹری قانون مسعودچشتی کی بریت مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مسعودچشتی کو بھی نندی پور ریفرنس میں بری کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ پانچ اکتوبر کو فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیرسےمتعلق ریفرنس میں بابراعوان کو 25 جون کو بری کردیاتھا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کے حوالے سے دائر درخواست مسترد کردیں تھیں۔
خیال رہے نیب کے مطابق پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیرہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔