اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کردیا اور مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر
اور سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے، جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طورپرآبادیاتی تبدیلیاں کررہاہے اور بھارت جان بوجھ کر اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کر رہا ہے جبکہ بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےامن وسلامتی کوخطرات ہیں، بھارت برخلاف غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں بسنے والے کشمیری سیاسی،سماجی پہچان کھورہےہیں، غیر کشمیریوں کوآباد کرکے جائیدادیں خریدنے کاحق دیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت رواں برس2700بارجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی کرچکا، خلاف ورزیوں سے 25معصوم شہری شہید،200زخمی ہوچکےہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے اور مقبوضہ کشمیر پراپنی قراردادوں پربھی عمل کرائے.