بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

عمران خان سے ملاقات میں کیا پیغام دیا، اعجاز الحق نے بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجازالحق کا کہنا ہے کہ میں کوشش کررہا ہوں دونوں طرف سے برف پگھلنی شروع ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجازالحق نے کہا کہ عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں انہیں یہی پیغام دیا ہے کہ ملک کی خاطر مقتدر حلقوں سے جلد معاملات بہتر ہوں، میں کوشش کررہا ہوں دونوں طرف سے برف پگھلنی شروع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات سدھارنے کا کام تمام ادارے سب کو ساتھ بٹھا کر کرسکتے ہیں، کسی کے چاہنے یا نہ چاہنے کی بات نہیں، میرے سامنے پاکستان ہے، میری ریٹائرمنٹ کی عمر ہے اس وقت منافقت اور جھوٹ سے کام لوں تو غداری ہوگی، ملاقات میں خان صاحب کو کہا ہے حالات بہتر کریں اور انکو بھی کہوں گا کہ سب کو ساتھ لیکر چلیں۔

اعجازالحق نے کہا کہ دوسری طرف بھی سوچا جارہا ہےکہ ملک کو کس طرح دلدل سے نکالا جائے، طریقہ کار خان صاحب مجھ سے بہتر جانتے ہیں، انہوں نے حکومت کی ہے، کیا یہ جماعتوں کامجموعہ اتنا تیس مار خان تھاکہ حکومت کو گھر بھیج سکتا، لوگوں میں صبر کم ہے، ڈھائی سال بعد کہتے ہیں حکومت تبدیل ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حالات مزید خراب ہوں گے تو ادارےکو نقصان ہوگا یہی ہمارا دشمن چاہتا ہے، خان صاحب نےکہا ہے فوج ہماری ہے اور میں محبت کرتا ہوں، یہ مثبت اشارہ ہے، دوسری جانب نواز شریف نے 14 بار نام لیکر اداروں پر تنقید کی، اگر نوازشریف سے ہاتھ ملایا جاسکتا ہے تو پھر سب سے ملایا جاسکتا ہے، نوازشریف سےپوچھنا چاہیے کہ ان کے معاملات کیسے بہتر ہوئے۔

اعجازالحق نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد کوئی نہ کوئی مثبت پیش رفت ہوگی، ابھی فیصلہ کرلیں تو بہتر ہے ملک دیوالیہ ہوا تو شکلیں دیکھیں گے، ایسا نگراں سیٹ اپ آئےجو معاشی ریفارمز اورشفاف الیکشنزکرائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت دو ووٹوں پر بیٹھی ہے اسے فارغ کرنا دو منٹ کا کام ہے، آج چوہدری شجاعت یا ایم کیوایم پیچھے ہوجائے تو یہ حکومت کہاں ہوگی، اکتوبر میں انتخابات ہوجائیں تو بہتر ہے یا نومبر میں بھی ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعجاز الحق نے عمران خان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا

سربراہ ضیا لیگ نے کہا کہ اپنے ادارے کا احترام کرتا ہوں، تنقید ہو تو تکلیف ہوتی ہے، خان صاحب کے اور بھی ذرائع ہیں جن کےذریعے بات ہورہی ہے، دوستوں نے بتایا حکومت نے آئی بی کو میرے پیچھے لگا رکھا ہے۔

اعجازالحق نے بتایا کہ عمران خان سے پشاور میں ہونے والی ملاقات کے بعد آئی بی نے فون ٹیپ کرنا شروع کردیئے، جب حکومت میں خود اعتمادی نہیں ہوگی تو پھر ایسے کام تو کریں گے، ہوسکتا ہےکہ اسوقت میرےگھر کےباہر بھی کوئی میری جاسوسی کررہا ہو۔

اہم ترین

نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ اے آر وائی نیوز کے تحقیقاتی صحافت کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں

مزید خبریں