اشتہار

نائجیریا: تیل پائپ لائن میں دھماکے نے 12 زندگیاں نگل لیں

اشتہار

حیرت انگیز

ابوجا: مغربی افریقی ملک نائجیریا میں ایک غیر قانونی ریفائنری دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ قریبی عمارتیں بھی دہل گئی تھیں۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نائجیریا کے نائجر ڈیلٹا کے علاقے میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری سائٹ کے قریب ہونے والے دھماکے اور آگ میں پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، دھماکا تیل پائپ لائن میں آگ لگنے کے نتیجے میں ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ کھجور کے جنگل میں لگنے والی آگ کے باعث تیل کی پائپ لائن میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی، آتش زدگی سے 5 گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہو گئیں۔

- Advertisement -

ریاستی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایموہا کونسل کے علاقے میں دھماکا ایک پائپ لائن کے ساتھ ہوا، جس کو غیر قانونی ریفائنری آپریٹرز نے نشانہ بنایا، جو تیل چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

آگ کیسے بھڑکی؟

ترجمان نے بتایا کہ پولیس کمانڈ کی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ متاثرین خام تیل اٹھا رہے تھے جب سائٹ پر آگ لگی، انھوں نے کہا کہ حکام اس بات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ کتنے لوگ ہلاک ہوئے۔

ماحولیاتی حکام کے مطابق آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب خام تیل کے گیلنوں سے بھری ایک بس کے ڈرائیور نے وہاں سے جانے کے لیے بس اسٹارٹ کی، بس کے ایگزاسٹ پائپ سے ایک چنگاری نکلی، جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی، اور وہاں موجود گاڑیوں میں بیٹھے سبھی لوگ جل کر مر گئے۔

علاقے کے لوگوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ گھنٹوں تک جاری رہنے والی آگ میں درجنوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں، متاثرین زیادہ تر نوجوان تھے جنھوں نے پائپ لائن سے تیل نکالنے اور کم از کم پانچ گاڑیوں میں غیر قانونی ریفائنری سائٹ تک لے جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

نائجیریا میں تیل کی چوری

رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں تیل کی چوری اور پائپ لائن میں تخریب کاری عام ہے، تیل کی چوری کے لیے اختیار کیے جانے والے طریقے اکثر حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں اسی طرح کے واقعے میں 100 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

افریقہ کے تیل پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک نائجیریا میں غیر قانونی ریفائنریز ایک منافع بخش کاروبار ہے، وہ تیل سے مالا مال نائجر ڈیلٹا کے علاقے میں زیادہ پھیلے ہوئے ہیں، جہاں ملک کی تیل کی زیادہ تر تنصیبات واقع ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں جنوری 2021 اور فروری 2022 کے درمیان کم از کم 3 بلین ڈالر مالیت کا خام تیل چوری ہوا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں