لاہور: امامِ کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا ہے کہ طاغوت سن لے! دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، عبادات کی آڑ میں کسی کو شرپسندی اور حرمین شریفین کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب کا کہنا تھا طاغوت سن لے! دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، حج پر فساد پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ عبادات کی آڑ میں کسی کو شرپسندی اور حرمین شریفین کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے حکومت اور پاکستانی عوام کا عزم اور محبت مثالی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان اسلام کی سربلندی چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، دونوں کا دشمن ایک ہے، دونوں کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ہمیں متحد ہو کر ایسے عناصر کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
شیخ صالح بن محمد آل طالب کا کہنا تھا کہ عراق، شام، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہمارے اجتماعات متحد ہونے کا پیغام ہے، تفرقہ بازی سے اسلام نے منع کیا ہے ۔آپس میں تفرقے میں پڑے تو آپ کی قوت تقسیم ہو جائے گی۔
اس سے قبل لاہور کے نواحی علاقے کالا شاہ کاکو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، دوست دشمن کو پہچانتے ہیں، سخت گیر موقف سے ہمیشہ دور رہنا ہی ہماری پالیسی ہے۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ کہ امن اور اخوت کا پیغام پوری امت اسلامیہ میں پھیلانا سعودی عرب کے دستور میں ہے، سعودی عرب کی خارجہ پالیسی دہشت گردی کے خلاف ہے اور فرقہ واریت سے دور ،امن و استحکام کے لئے کوشاں ہے۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ میڈیاکسی بھی ملک کا چوتھا ستون تصور کیا جاتاہے، امن و استحکام کے قیام میں میڈیا پہلا ستون بن چکا ہے۔