اسلام آباد : آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جیہاد اظہور نے کہا پاکستان کےلیے قرض پروگرام پرنظرثانی کی ضرورت نہیں ، پروگرام کےتحت معاشی اصلاحات پر تسلی بخش کام ہورہاہے ، قرض پروگرام کا پہلاجائزہ اکتوبر کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی ملاقاتوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، آئی ایم ایف نے قرض پروگرام پرنظرثانی کےامکان کوخارج کر دیا۔
آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جیہاد اظہور نے کہا قرض پروگرام پر نظرثانی اورپروگرام کےاہداف میں تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پروگرام کےتحت اصلاحات پر کام کاآغازبہترطورپرہواہے، ٹیکس وصولیوں میں اضافے کا رجحان متاثرکن ہے۔
جیہاد اظہور کا کہنا تھا کہ پروگرام پر عمل درآمد سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، حکومت نے روپے کی قدر اور شرح سود کو بہتر انداز میں مینیج کیا ہے۔
آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے وزیراعظم کی جانب سے معیشت کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات اور دلچسپی کو سراہا اور کہا قرض پروگرام کا پہلاجائزہ اکتوبر کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں : آئی ایم ایف مشن کا ملکی معیشت کی بہتری کیلیے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اطمینان
انھوں نے مزید کہا کہ قرض پروگرام کوشروع ہوئے ابھی تین ماہ ہوئے ہیں، نظرثانی کی بات قبل ازوقت ہے، آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کےتحت اصلاحات جاری ہیں تاہم معاشی منظرنامے پر بہتری نظر آنے میں وقت لگے گا، باقاعدہ جائزے کیلئے آئی ایم ایف کا وفد اکتوبر کے اختتام تک پاکستان آئے گا۔
دوسری جانب وزیر برائے اقتصادی امورحماد اظہر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم کا ماننا ہے کہ معاشی بہتری کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزاء ہیں، مالیاتی اور بیرونی فرنٹ پرنمایاں بہتری آئی ہے۔