اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے معاشی شرح نمو پر پاکستانی حکومتی اعداد و شمار ماننے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جی ڈی پی گروتھ پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اختلاف سامنے آگیا، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے معاشی شرح نمو پر حکومتی اعداد و شمار ماننے سے انکار کردیا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالی سال 2023 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو منفی0.5فیصد رہی جبکہ حکومت نے مالی سال2023 کیلئےمعاشی شرح نمو0.29 فیصد رہنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مالی سال 2022میں پاکستان کی معاشی شرح نمو6.1 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کا جی ڈی پی ہدف بھی حاصل نہ ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال معاشی شرح نمو 2.5 فیصد تک رہ سکتی ہے۔
حکومت نے رواں مالی سال کیلئے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد مقررکیا ہے