کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کے سسٹم میں اچانک فنی خرابی کی وجہ سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر مشکل میں پڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول پر ایف آئی اے امیگریشن سسٹم میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے باعث بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق علی الصبح 3 اور 4 بجے کے درمیان اچانک ایف آئی اے امیگریشن سسٹم فنی خرابی کے باعث ڈاؤن ہو گئے تھے، جس پر ایف آئی اے نے مینوئل طریقے سے مسافروں کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔
ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، آئی ٹی کے عملے نے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر فنی خرابی دور کی، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے سسٹم معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔