پشاور: خیبر پختون خوا میں نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی متحرک ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کے نجی اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کی تفصیل حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک مراسلہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ نجی اسکولوں میں کرونا کی صورت حال جاننے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول کے بارے میں اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے۔
کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی ، مزید 13 تعلیمی ادارے بند
پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تاحال 10 سے زائد اسکولوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نوٹس دیے جا چکے ہیں۔
ادھر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے اسکولوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ تعلیم نے اب تک 12 سو 26 اساتذہ کا کرونا ٹیسٹ کرایا، جن میں 11 اساتذہ اور 2 کلاس فور ملازمین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 623 ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جب کہ 600 ٹیسٹس کے نتائج آنا باقی ہیں، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے والے اسکول اور کلاس روم کو سیل کر دیا گیا ہے۔
بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا تھا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول رشکئی کے 8 اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈی ای او نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ افراد کو 15 دن کی چھٹی پر گھر بھیج دیا تھا۔