کراچی: کورونا کے علاج کے لئے چینی دوا کے کامیاب ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان پیر کو ہوگا۔
ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کے سینٹر فار بائیوایکویلینس اسٹڈیز اینڈ کلینکل ریسرچ کے تحت کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن ’جن ہُوا قنجن گرینولس‘ کا پہلی مرتبہ کامیاب کیلنکل ٹرائیل کا اعلان پیر (17 جنوری) کی صبح بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران کیا جائے گا۔
صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچو اس کامیاب کیلنکل ٹرائیل کا اعلان کریں گی۔ جن ہُوا قنجن گرینولس میڈیسن دراصل جوشیچنگ فارماسیوٹیکل کمپنی نے بنائی ہے جو چین میں کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے استعمال ہوئی تھی۔
اس دوا کی فائٹوکیمسٹری ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں کی گئی تھی۔ اس کلینکل ٹرائل کے عوامی اعلان کی تقریب پیر کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں صبح گیارہ بجے منعقد ہوگی۔
تقریب کا انعقاد وزارتِ صحت و بہبودِآبادی سندھ، کامسٹیک، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اور متعد چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ہورہا ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچو، وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، شرکت کریں گے۔
پاکستان میں چین کے سفیر نانگ رونگ، چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق، سینٹر فار بائیوایکویلینس کے انچارج اور اس تحقیق کے پرنسپل محقق پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، چینی اسکالر ڈاکٹر یو ویمنگ اوردیگر چینی ماہرین بھی خطاب کریں گے۔