ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پرمٹ کے حوالے سے مختلف وضاحتیں اور ہدایات جاری کی ہیں اور مختلف سوالوں کا جواب دیا ہے۔
وزرت حج و عمرہ کے ترجمان ڈاکٹر ھشام سعید نے واضح کیا ہے کہ عمرہ پرمٹ میں تبدیلی ممکن نہیں، عمرہ پرمٹ کی تاریخ اور وقت میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
ترجمان نے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا حصول اہم اور سہل ہے، عمرہ پرمٹ میں وقت تبدیل کرنے کی گنجائش نہیں البتہ عمرہ پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل اسے کینسل کروانے کے بعد دوسرا پرمٹ جاری کروایا جاسکتا ہے۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے اجرا کے لیے کم از کم عمر 5 برس ہے، اس سے کم عمر بچوں کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا۔
اس سے قبل غیر ویکسین شدہ ہونے کے حوالے سے پرمٹ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے لیے لازمی ہے کہ درخواست گزار کرونا وائرس میں مبتلا نہ ہو۔
بس ٹکٹ کی واپسی کے حوالے سے وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ اعتمرنا ایپ میں جا کر وہاں سیٹنگز میں موجود بس ٹکٹ کے آپشن کو کلک کریں جہاں خریدے جانے والے بس ٹکٹ ظاہرہوں گے جنہیں کینسل کیا جاسکتا ہے۔