جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

ضمنی الیکشن سے متعلق عمران خان کا بڑا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں 16 مارچ کو شیڈول ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خود الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے 113 اراکین اسمبلی کے استعفے تین مراحل میں منظور کیے تھے اور الیکشن کمیشن نے ان نشستوں کے خالی ہونے کا نوٹیفیکشین بھی جاری کرتے ہوئے 33 حلقوں میں 16 مارچ کو ضمنی الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کے شیڈول جاری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے تمام 33 حلقوں سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے امیدوار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان تمام حلقوں سے امیدوار کے طور پر کھڑے ہوں گے۔

تاہم اب ان ضمنی انتخابات کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا اہم فیصلہ سامنے آیا ہے اور ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

ان ضمنی الیکشن کے حوالے سے پی ڈی ایم پہلے ہی اختلافات کا شکار ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم پہلے پی ڈی ایم حکومت کی ایک اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے ضمنی الیکشن میں کراچی کی نشستوں پر انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی بھی پی ڈی ایم سربراہ کے فیصلے سے منحرف ہوگئی اور اس نے بھی بائیکاٹ کے بجائے ضمنی الیکشن کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ سال پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی 7 نشستوں سے خود الیکشن لڑا تھا اور 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں