میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا امتحان نئے سلیبس کے تحت ہو گا، لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ سنا دیا۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا امتحان نئے سلیبس کے تحت ہو گا، طلبا سلیبس سے ہٹ کر آنے والے سوال پر اعتراض اٹھا سکیں گے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ امتحان کے روز ہی طلبا کے اعتراض کو سن کر فیصلہ کیا جائے، طلبا کے درست اعترضات کو اہمیت دی جائے۔ نئے سلیبس سے متعلق ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے کہ عدالت اس میں مداخلت کرے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نئے سلیبس کے حوالے سے طلبا وطالبات پڑھائی کے حوالے سے تذبذب کا شکار رہے۔ نیا سلیبس پورے پاکستان میں رائج ایف ایس سی کے مضامین سے لیا گیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔