قومی ایئرلائن پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کا الکوحل ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں پر ڈیوٹی انجام دینے والے فضائی میزبانوں سے متعلق پی آئی اے نے اہم فیصلہ کیا ہے۔
فضائی میزبانوں کا پرواز سے قبل الکوحل ٹیسٹ لیا جائے گا۔ الکوحل ٹیسٹ کا آغاز یورپی یونین کے سافا پروگرام کےتحت کیا جائے گا۔
حکام نے 14فروری سے کیبن کریو کے الکوحل ٹیسٹ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ منیجر فلائٹ آپریشن کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سے انکاری فضائی میزبان کاٹیسٹ مثبت تصور کیا جائے گا۔
چند روز قبل پی آئی اے کے دو فضائی میزبانوں کے ٹورنٹو میں غائب ہونے کے بعد کیبن کریو کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں سلپ ہونے کے معاملے پر پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹس لے لیا، اس حوالے سے پی آئی اےجنرل منیجرفلائٹ سروسزعامربشیرنے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
ہدایت نامہ میں کہا ہے کہ فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجرکی تحویل میں رہیں گے، کیبن کریو کو امیگریشن اور کسٹمز کلیئرنس کے بعد پاسپورٹ جمع کرانا لازم ہوگا، پاسپورٹ پروازوں کی روانگی کے وقت چیک ان پرواپس ہو گا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل آمد کو یقینی بنانے کیلئے جانچ پڑتال لازمی ہوگی ، کسی فضائی میزبان کی کمی پرہوٹل عملہ فوری اطلاع دےگا ، کورونا کے باعث کیبن کریوکی نقل وحرکت بھی محدود کی گئی ہیں۔