کراچی: پاکستان ریلوے پولیس کے تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی ریلوے پولیس کی ورکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی گئی۔ آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان نے تحریری احکامات جاری کر دیے۔
ریلوے پولیس کی 8 ڈویژنوں کو نارتھ اور ساؤتھ زونز میں برابر تقسیم کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کی سیٹ کو ڈی آئی جی نارتھ میں تبدیل کیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈی آئی جی آپریشنز کی سیٹ کو ڈی آئی جی ساؤتھ میں تبدیل کر دیا گیا۔ نارتھ زون میں ریلوے پولیس لاہور، ورکشاپس، راولپنڈی اور پشاور شامل ہوں گی۔
جبکہ ساوتھ زون میں ریلوے پولیس ملتان، سکھر، کراچی اور کوئٹہ شامل ہوں گی۔ ڈی آئی جی نارتھ کا صدر دفتر لاہور جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ کا صدر دفتر کراچی میں قائم کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی نارتھ وقار عباسی جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ شہزاد اکبر تعینات کیے گئے ہیں۔