لاہور: پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے کہا ہے کہ ایس اوپیز کے تحت جلد عمرہ زائرین کوسعودی عرب آنےکی اجازت ملےگی۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی کی ملاقات ہوئی جس میں طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی و دیگر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں اسلامی بھائی چارے کا بندھن ہے دنیاکی کوئی طاقت اس بھائی چارے کوکم نہیں کرسکتی۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان اور محمد بن سلمان پاکستان کےمسائل سے آگاہ ہیں، پاکستانیوں کے دل مکہ مدینہ میں دھڑکتےہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب سےمحبت اور عقیدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وبائی امراض پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، محرم الحرام میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنےکی ضرورت ہے۔
سعودی سفیر نےچوہدری صاحبان کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ایس اوپیز کے تحت جلد عمرہ زائرین کوسعودی عرب آنےکی اجازت ملےگی۔