ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

کرکٹر عمران بٹ نے بڑے بھائی کا خواب حقیقت کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے پر اوپنر عمران بٹ خوشی سے نہال ہیں اور ٹیم کے لئے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان نے اپنے دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی، ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والوں میں اسپنر نعمان علی اور عمران بٹ شامل تھے۔

قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ موجود کھلاڑیوں نے بھی نعمان علی کی خوب حوصلہ افزائی کی جبکہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے عمران بٹ کو ٹیسٹ کیپ سے نوازا۔

ٹیسٹ کیپ ملنے پر گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر عمران بٹ نے اسے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کیپ ملنے پر میرے بڑے بھائی کا کردار ہے، بڑے بھائی کا خواب تھا کہ پاکستان کے لیےکھیلوں،آج وہ پورا ہوگیا ہے۔

اوپنر عمران بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواہش ہے ملک کیلیے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹوں کیونکہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے اور اپنے ملک کا نام روشن کرے۔

عمران بٹ نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز دسمبر 2012 میں اسی نیشنل اسٹیڈیم میں کیا جہاں آج وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، لاہور شالیمار کی طرف سے کھیلتے ہوئے کراچی وائٹس کے خلاف انھوں نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  نانا نے کیا پیش گوئی کی تھی؟ کرکٹر نعمان علی نے اہم راز سے پردہ اٹھادیا

یاد رہے کہ عمران بٹ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں دس سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ سوئی ناردن گیس کی طرف سے کھیلتے ہوئے انھوں نے تین سنچریوں اور گیارہ نصف سنچریوں کی مدد سے دو ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں جبکہ بلوچستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ان کے گیارہ سو رنز میں چار سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا کریئر میں بہترین اسکور 214 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔

عمران بٹ کے لیے پہلا فرسٹ کلاس سیزن بہت کامیاب رہا تھا اور انھوں نے نو میچوں میں دو سنچریوں اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 740 رنز بنائے تھے۔

عمران بٹ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں پانچ سال تک سوئی ناردن گیس کی ٹیم کی نمائندگی کی ہے جن میں مصباح الحق اور اظہر علی سمیت ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں