کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل گورنر ہاؤس چھوڑ کر قرنطینہ میں چلے گئے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری سعید غنی سے ملاقاتیں رہی ہیں، جب تک کرونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آجاتی قرنطینہ میں رہوں گا۔
واضح رہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیاجبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
مزید پڑھیں: صوبائی وزیر سعید غنی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 803 ہوگئی ہے اور 6مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج کو طلب کر لیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔