تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

جتنے امپائر ساتھ ملالیں، 20 کی 20 نشستیں ہم جیتیں گے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جتنے امپائر ساتھ ملالیں 20 کی 20 نشستیں ہم جیتیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ساہیوال میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بے ضمیر الیکشن کمیشن ان کے ساتھ مل کرانہیں جتانے کی کوشش کررہا ہے، یہ جتنے بھی امپائر ساتھ ملالیں ہم پھر بھی انہیں شکست دیں گے، یہ چاہے کچھ بھی کرلیں17 جولائی کو 20 کی 20 نشستیں ہم جیتیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے آج تک ایک بھی کام ایمانداری سے نہیں کیا ہے، ساری زندگی دو نمبری کرکے پیسہ کمایا ہے، حمزہ سن لو! اگر سمجھتے ہو امپائرز ساتھ ملا کر جیت جاؤ گے تو یہ نہیں ہوسکتا، لاہور میں ایک آدمی بیٹھا ہے جس کی نوکری ہے تمہیں جتانا وہ بھی ناکام ہوگا, امپورٹڈ حکومت نامنظور اور ان کے لوٹے بھی نامنظور ہیں، عوام نے لوٹوں کو شکست دینا ہے اور سب نے وعدہ کرنا ہے کہ یہ جتنی بھی دھاندلی کرلیں انہیں شکست دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں یہ دھاندلی کریں گے لیکن ہم نے انہیں دھاندلی نہیں کرنے دینی، عوام سے کہتا ہوں ہرپولنگ اسٹیشن پر جاکر ووٹر لسٹ کو چیک کریں اور اس کی تصدیق کریں، کیونکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر دھاندلی کرنی ہے، مجھے ایسے نوجوان چاہئیں جو ان کو دھاندلی سے روکیں، ہر پولنگ اسٹیشن پر دلیر نوجوان چاہئیں جو کسی کو دھاندلی نہ کرنے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش کے تحت 30 سال سے باریاں لینے والے جن چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا ہے انہوں نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ہم تنقید کرتے ہیں تو ہم پر مقدمات درج کیے جاتے ہیں مجھ پر 15 مقدمات درج ہیں لیکن کہتا ہوں کہ مجھ پر 1500 مقدمات بھی درج کرادو تو تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر بنا تھا، آج بھی دو قومی نظریے ہیں ایک نظریہ ہے کہ پاکستان خوددار اور آزاد ملک ہو جب کہ دوسرے نظریے والے وہ ہیں جو پیسے کو خدا مانتے ہیں، شریف اور زرداری پیسوں کی پوجا کرنے والے ہیں، لوٹے بھی شریفوں اور زرداریوں کے ساتھ چل پڑے ہیں، لیکن قوم باشعور ہوچکی ہے اور وہ لوٹوں کے ساتھ ڈیزل کو بھی سمجھ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری جو 30 سال سے اس قوم کی سب سے بڑی بیماری ہے آزاد گھوم رہا ہے، نوازشریف مجرم ہونے کے باوجود لندن میں بیٹھا خوش ہورہا ہے کہ اس کا بھائی اور بھتیجا آج اقتدار میں ہے، مریم نواز جھوٹو کی شہزادی ہے جس سے کبھی سچ بولا ہی نہیں جاتا ہے، جن لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا آج وہ اقتدار میں بیٹھے ہیں اور جو صحافی ملک کیلئے آواز بلند کررہے ہیں ان پر مقدمات بناکر جیل بھیجا جارہا ہے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی کوشش کرنے والوں پر کیسز بنائے جارہے ہیں، حلیم عادل شیخ کوجیل میں ڈالا گیا اور مراد علی شاہ جیسے کرپٹ کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ جو صحافی آج راہ حق پر کھڑے ہیں انہیں سلام پیش کرتا ہوں، کیونکہ جو راہ حق پر کھڑا ہوتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے خوف کو دور کردیتا ہے، ایاز امیر نے دلیری سے پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے، قوم نے دیکھا عمران ریاض کے ساتھ کیا ہوا ہے، ان ڈاکوؤں کا صرف ایک مقصد ہے کسی طرح قوم میں خوف پھیلا دو تاکہ وہ انہیں تسلیم کرلے۔

 

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج پیغام دیا جارہا ہے برائی کیخلاف کھڑے ہوگے تو جیلوں میں ڈالا جائیگا جب کہ اللہ تعالیٰ کا واضح حکم ہے کہ سچائی اور حق کیساتھ چلو اور برائی کیخلاف جہاد کرو، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جو آج چوروں کیساتھ ہے ان کا بھی احتساب ہوگا، انہیں نہ کبھی قوم اور نہ ہی تاریخ معاف کرے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ وقت نہیں رہا ہے،لوگوں کا راستہ روکیں گے تو ملک کو انتشار کی طرف لے جائیں گے، پرامن احتجاج روکنے سے ملک کا حال سری لنکا جیسا ہوگا اس لیے لوگوں کو نہ ڈراؤ کیونکہ قوم اپنی حقیقی آزادی کیلئے جہاد لڑنے کیلئے تیار ہے اور اس معاملے میں یہ قوم بہت آگے نکل چکی ہے۔

۔

Comments

- Advertisement -