کوہاٹ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے منحرف اراکین کے معاملہ پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ دے کر آج ہماری اخلاقیات کوگرنے سے بچالیا ہے۔
کوہاٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہے، پوری طرح لائٹنگ نہیں، جو اصل تعداد ہے وہ دکھائی نہیں دے رہی، دن کے وقت جلسہ ہوتا تو اصل تعداد سامنے آرہی ہوتی، آج کوہاٹ میں حقیقی آزادی کا جذبہ دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں، امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہے حکم ملا ہے پیٹرول اور فضل الرحمان کی قیمت بڑھائیں، امپورٹڈ حکومت کے اوپر اس وقت خوف طاری ہے، امپورٹڈ حکومت کو پتہ ہے پیچھے ان کے ٹائیگر اور آگے سمندر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ چیری بلاسم شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، بڑا بھائی وزیراعظم رہ چکا تھا اس لیے شہباز شریف بھی وزیر اعظم بننا چاہتا تھا، شہباز شریف نے بہت دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، شہباز شریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بہترین فن ہے، شہباز شریف 2 طرح کے بوٹ بڑی اچھی طرح پالش کرتا ہے، ایک فوجی بوٹ اور ایک امریکی بوٹ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ مزے آصف زرداری لے رہا ہے، ساری گالیاں شہباز شریف کو پڑ رہی ہیں، زراری حکومت میں بیٹھا ہے، ن لیگ کے معاملے میں آصف زرداری واقعی بھاری ہے، تھری اسٹوجز نے زور لگا کر ہماری حکومت گرائی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج شہبازشریف بری طرح پھنس گئے ہیں، کل ان کی آئی ایم ایف کیساتھ میٹنگ ہے، آج ان کے پاس دو ہی راستے ہیں الیکشن کروائیں یا امریکیوں کو کہیں گے خدا کیلئے ہمیں ڈالر دو، یہ امریکیوں کو کہیں گے ہمیں ڈالر نہ دیئے توعمران خان پھر آجائے گا، امریکیوں کو اچھی طرح جانتا ہوں وہ ڈالر ایسے ہی نہیں دیں گے، امریکی پہلے غلامی کرائیں گے اس کے بعد ڈالر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے روس کیساتھ تیل اور گندم کا معاہدہ تقریباً کرلیا تھا، ہمیں پیٹرول اور فضل الرحمان روس سے 30 فیصد کم قیمت پر ملنا تھا، ہمیں روس سے گندم بھی 30 فیصد کم قیمت پر ملتی تاکہ لوگوں کو مہنگائی سے بچائیں، ان لوگوں نے آتے ہی روس کیساتھ معاہدے ختم کیے کیونکہ انہیں حکم ملا تھا۔
عمران خان نے منحرک اراکین سے متعلق فیصلہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا آج لوٹوں کیخلاف فیصلہ آیا ہے، سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مسلط کردہ ڈاکوؤں نے ہماری اخلاقیات کو ختم کرنے کی کوشش کی، سپریم کورٹ نے ہماری اخلاقیات کو گرنے سے بچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے ووٹ بیچتے ہیں شکر ہے سپریم کورٹ نے ان کے ووٹ کو رد کردیا ہے، حمزہ شہباز آپ بھی اچکن رکھیں، حمزہ شہباز نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سنادیا
عمران خان نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ عدالت عظمیٰ شریف خاندان کے کیسز خود سنیں، اداروں کو ان لوگوں نے تباہ کردیا ہے، 40 ارب روپے کا ڈاکا پڑا ہے، کیسے اس کیس کو چھوڑا جاسکتا ہے، ماضی میں انہوں نے کرپشن کی این آر او میں سب معاف کرایا، اس کے بعد دوبارہ 2008 سے 2018 تک کرپشن کی، اب بھی ان کو این آر او مل گیا تو ملک تباہ ہوجائے گا۔