جمعرات, نومبر 14, 2024
اشتہار

ہمارا مقابلہ جمہوری لوگوں سے نہیں مافیا سے ہے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ جمہوری لوگوں سے نہیں بلکہ مافیا سے ہے، اس مافیا نے منی لانڈرنگ کرکے ملک کو مقروض کردیا، ملک میں انتشار پھیلایا گیا اور دہشت گردی ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگ کراچی میں ہیں، سیاسی تحریک تحریکیں کراچی سے شروع ہوتی تھیں، ملک کی سیاست کا رخ کراچی کے عوام طے کرتے تھے، 25 جولائی اللہ نے پاکستان کے عوام کو موقع دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کسی اور کی جنگ اپنے ملک میں لانے پر دہشت گردی بھی پاکستان آئی، ہمارے ایک حکمران نے کسی اور کی جنگ میں جانے کا فیصلہ کیا، نائن الیون کے بعد جنگ میں ہمیں شرکت نہیں کرنی چاہئے تھی، ہماری حکومت بنی تو کبھی پاکستان دوسرے کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ جب کراچی میں پارٹی بنانے کی کوشش کی اس وقت ایم کیو ایم کا راج تھا، شریف لوگوں کو سیاست میں لانا بہت مشکل تھا، لوگوں میں خوف تھا، 22 سال سے جو کراچی کے ساتھی میرے ساتھ ہیں ان کے اہلخانہ پر دباؤ رہتا تھا، اندرون سندھ میں لوگوں کو زرداری مافیا سے خوف تھا، لوگوں کا پانی بند کردیا جاتا تھا، جھوٹی ایف آئی آر کی جاتی تھی، اندرون سندھ کے شخص عدم تحفظ کا شکار تھے۔

عمران خان نے کہا کہ عزیر بلوچ کی رپورٹ کے مطابق یہ آصف زرداری کے لیے کام کرتے تھے، بلاول ہاؤس کے اطراف گھر بندوق کے زور پر خالی کرائے گئے، ڈر اور خوف کی بدولت سیاسی جماعتیں قابض تھیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کرپشن، نااہلی سے پیسہ چوری کیا گیا ملک مقروض ہے، قیمت عوام ادا کریں گے، جب بھی حکومت جاتی ہے خزانہ خالی اور فضل الرحمان چھوڑ کر جاتی ہے، اللہ نے سب کچھ دیا میں 5 سال برداشت کرلوں گا قوم برداشت نہیں کرسکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر فوج نہ ہوتی تو کراچی میں امن کیسے ہوتا، عوام بتائیں رینجرز آپریشن نہ کرتی تو کیا جان و مال محفوظ تھے، کراچی کی پولیس میں راؤ انوار جیسے لوگوں کو رکھا گیا ہے، افسوس ہے راؤ انوار کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں اور بھی کمرے بننے لگے ہیں، ایک کے بعد ایک اڈیالہ جیل جارہا ہے، نواز شریف پیغام دے رہے ہیں اربوں چوری کرو گے تو جیل میں ایئرکنڈیشن ملے گا، 300 ارب چوری کرکے باہر لے گئے اب مظلوم بنے ہوئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو فکر نواز شریف کی ہے کیونکہ اس نے بھارت کا ساتھ دیا، نواز شریف نے ہمیشہ بھارتی مفادات کو تحفظ دیا، نواز شریف نے بار بار قومی ادارے کو نشانہ بنایا، عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بھارت کے زیرنگیں لانا چاہتی ہے، عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بھوٹان، بنگلا دیش کی طرح دیکھنا چاہتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اکرام اللہ گنڈا پور کو آج خودکش حملے میں شہید کردیا گیا، ان کے بھائی بھی پی ٹی آئی کے وزیر تھے، 5 سال پہلے اکرام گنڈا پور کے بھائی کو بھی حملے میں شہید کیا گیا تھا، 5 سال پہلے اکرام گنڈا پور نے مجھے بتایا حملے کے وقت 10 گز دور تھا، اکرام گنڈا پور 5 سال پہلے معجزانہ طور پر حملے میں بچ گئے تھے، آج ان کی شہادت پر دکھ ہوا، اللہ سے دعا ہے اللہ ان کے اہلخانہ کو صبر دے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں