اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے عمران خان کو بطور وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 25 وزرا، 4 وزرائے مملکت اور 4 مشیروں کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا۔
عمران خان کے 19 معاونین خصوصی بھی ڈی نوٹیفائی کر دیے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تھی جس کے بعد عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے۔ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ ڈالے گئے ہیں۔
عمران خان تین سال 8 ماہ پاکستان کے وزیر اعظم رہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔
تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور اسپیکر کے فرائض مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کو سونپے جنہوں نے ووٹنگ کرائی۔
ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد کہا کہ آج نواز شریف کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے۔