کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ انہوں نے جامعہ فاروقیہ کا دورہ کیا اور شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کراچی پہنچ گئے۔ کراچی پہنچ کر وہ شاہ فیصل کالونی میں واقع جامعہ فاروقیہ گئے جہاں انہوں نے شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
Chairman Imran Khan has reached Karachi airport. #IKinKarachi pic.twitter.com/ks8RbJ4abl
— PTI Karachi Official (@PTI_KHI) February 7, 2017
پاکستان تحریک انصاف تحریک انصاف کراچی ریجن کے ترجمان کے مطابق عمران خان صفورا گوٹھ میں واقع تحریک انصاف کے ممبر شپ کیمپ کا دورہ کریں گے۔
بعد ازاں عمران خان ایکسپو سینٹر میں ایک پرائیوٹ گروپ کی جانب سے اپنے ممبران کو میڈل دیے جانے کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔
عمران خان کے دورے میں تحریک انصاف سندھ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس بھی شامل تھی تاہم ذرائع کے مطابق وہ منسوخ کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی عمران خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے شوکت خانم کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔