منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

سیاست دانوں کی کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کردیا، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

خوشاب : سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے اگر سیاست دان ہی کرپٹ ہوں تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

وہ خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ جہاں کرپٹ حکمران ہوتے ہیں وہاں خوشحالی نہیں ہوتی اور حکمرانوں کی لوٹ مار سے ملک تباہ ہوجاتے ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں کرپشن کے خلاف 21 سال بات جنگ کر رہا ہوں اور آج لوگوں کو میری بات سمجھ میں آگئی ہے کہ کرپشن کے کینسرکےعلاج تک ملک کی ترقی ممکن نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پانچ ہزار سال قبل کے شہر موئن جوداڑو میں بھی سیوریج سسٹم تھا لیکن ہمارے گاؤں دیہات میں آج بھی سیوریج سسٹم نہیں ہے کیوں کہ سیاست دانوں کو کرپشن سے فرصت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ سنگا پور پاکستان کا مقابلہ کرسکتا ہے لیکن آج پاکستان 17 ارب ڈالراور سنگاپور 520 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے کیوں کہ سنگاپور میں ایک ایماندار وزیراعظم آیا اور اس نے کرپشن پر قابو پاکر کایا پلٹ دی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں ایک چھوٹا سا مفاد پرست طبقہ رکاوٹ ہے جو کرپشن کے لیے اقتدار میں آتا ہے ارب پتی بن جاتے ہیں اور جب کبھی پکڑا جاتا ہے تو یہ چھوٹا سا طبقہ کہتا ہے کہ ’’کیوں نکالا مجھے‘‘ ارب پتی بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے بچوں کے نام پر فلیٹ لیے تھے لیکن مریم نواز نے کہا تھا کہ نہ میری اور نہ ہی میرے بھائیوں کی باہر تو چھوڑیں پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے جب کہ پاناما لیکس کے بعد مریم نواز کے بھائی نے پراپرٹیز کو تسلیم کیا جس پر میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ مریم بی بی آپ کو جھوٹ بولنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ این اے 120 میں ایک زبردست میچ ہونے والا ہے جس میں ایک طرف وفاقی اورپنجاب حکومت کےوسائل اور وزراء اور ایم این ایز ہیں تو دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر امیدوار یاسمین راشد ہیں جہاں کل عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ آج جیلوں میں مجھے ایک بھی بڑا ڈاکو نظر نہیں آیا، صرف غریب آدمی پکڑے جاتے ہیں چنانچہ سائیکل چوری، بکری چوری اور موٹر سائیکل چوری کرنے والے کو سزا ملتی ہے لیکن قومی اسمبلی میں کئی بڑے بڑے قاتل، قبضہ گروپ، ڈاکو موجود ہیں، وہ نہیں پکڑے جاتے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے نیا پاکستان نظر آ رہا ہے، جہاں انصاف ہوگا اور غربت کا خاتمہ ہوگا جو کہ تحریک انصاف کا منشور ہے، ہمیں خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ باری ملی اس کے باوجود ہم نے خیبر پختونخوا میں پنجاب کے مقابلے میں 5 گنا غربت کم کی ہے، مثالی پولیس سسٹم رائج کیا۔

انہوں کہا کہ خیبر پختون خوا کی طرح دیگر صوبوں کی پولیس کو بھی ٹھیک کرکے دکھاؤں گا اور ثابت کر کے دکھاؤں گا کہ آئندہ 10 سال میں 10 کروڑلوگوں کوغربت سے نکالا جا سکتا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں