عمران خان نے سینیئر پارٹی قیادت کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ اجلاس میں ٹی او آرز سے وزیر اعظم کا نام نکالنے سے متعلق ابہام پر بات ہوگی۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن نے وزیر اعظم کا نام نکالنے پر اتفاق کرلیا تھا لیکن تحریک انصاف کو اس سے اختلاف تھا۔
کل ہونے والے کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 15 سوالات بے معنی نہیں۔ ہر سوال کے پیچھے کوئی نہ کوئی قانون شکنی ہے جس کا جواب قوم جاننا چاہتی ہے۔ ہم کسی ایسے عمل سے نہیں گذریں گے جس سے ہمارے اصولوں پر ضرب پڑتی ہو۔
مزید پڑھیں: پارلیمانی کمیٹی کے ابتدائیے پر حکومت و اپوزیشن کا اتفاق
شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم نے حکومت کی یہ بات تسلیم کی ہے کہ کسی کو ذاتی طور پر نشانہ نہیں بنائیں گے۔ ہم اس ساری تحقیقات کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں لیکن حکومت اپنی حجت تمام کرنا چاہتی ہے۔
ٹی او آرز میں وزیر اعظم کو شامل کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کی سینیئر قیادت آج سر جوڑ کر بیٹھے گی۔