تازہ ترین

دو صوبوں کے بجائے ملک بھر میں انتخابات کرائے جائیں، عمران خان

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو صوبوں کے بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ زمان پارک لاہور میں کارکنان سے خطاب میں انہوں نے مہنگائی اور دیگر مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کیلئے تیار ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اپنے خطاب میں کہا کہ جب سے ہماری حکومت ہٹائی گئی تب سے باربار کہتا رہا ہوں کہ شفاف انتخابات کرائے جائیں بصورت دیگر ملک مسلسل نیچے جاتا رہے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صرف دو صوبوں میں 60فیصد کے بجائے پورے ملک میں صاف و شفاف ایک ساتھ عام انتخابات کرائے جائیں، نئی حکومت کے آنے سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا معیشت بھی مستحکم ہوجائے گی۔

اپنے اوپر قاتلانہ حملہ کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ اس کی پیچھے کون ہے؟ ایک پلان انسان بناتا ہے ایک پلان اللہ بناتا ہے میں اس کا شکرگزارہوں، انہوں نے کہا کہ میں نے دو مہینے پہلے بتا دیا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے، مجھے پتا ہے اس کے پیچھے کون ہے، یں اسے معاف کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں ان لوگوں کو30سال سے جانتا ہوں یہ ملکی معیشت کو نہیں سنبھال سکیں گے کیونکہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی بہتری بھی نہیں ہوسکے گی۔

عمران خان نے 25مئی کو مظاہرین پر کی جانے والی پولیس شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کون سا پولیس کیخلاف ایکشن لیا تھا جس پر نہتے شہریوں پر آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے؟ اس دن سے ہمارے کارکنوں پر مسلسل ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں، کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا، پھر وہ نکلے تو کچہریوں میں چکر لگوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں اپوزیشن کے 3لانگ مارچ ہوئے لیکن ہم نے کسی کے خلاف ایف آئی آر نہیں کاٹیں اور نہ ہی کوئی پولیس ایکشن ہوا، ملکی تاریخ میں کبھی میں نے ایسی سختی نہیں دیکھی جو ہمارے ساتھ کی گئی۔ یہ سب صرف اور صرف ہمیں ڈرانے اور دھمکانے کیلئے کیا گیا۔

شہید صحافی ارشد شریف کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے افسردگی کے ساتھ کہا کہ ارشد کے ضمیر کی کوئی قیمت نہیں تھی وہ محب وطن پاکستانی تھا، ارشد شریف کے ساتھ جو کچھ کیا گیا قوم وہ بات کبھی نہیں بھولے گی، طاقتور لوگوں نے منصوبہ بندی کرکے مجھے بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

انتخابات کی تیاری کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ دو ہفتے تک تمام حلقوں کے امیدواروں کو ٹکٹ دے دوں گا، جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملیں گے انہیں بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹ دیں گے، اگلے ہفتے انتخابی مہم کا پہلا جلسہ کرررہا ہوں، ٹکٹ نہ ملنے پر جو مخالفت میں کھڑا ہوگا اسے پارٹی سے نکال دوں گا۔

الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر آخر میں سپریم کورٹ نے ایکشن لیا، آج ساری قوم اس کی شکر گزار ہے کہ سپریم کورٹ نے آئین کی حفاظت کی، آج پاکستان کے حالات دیکھیں، دشمن بھی ملک سے وہ نہ کرے جو ان پی ڈی ایم کی جماعتوں نے کیا، ملک کی تاریخ میں اتنی مہنگائی پہلے کبھی نہیں آئی، پٹرول 150 سے268روپے اور ڈیزل 114سے280روپے لیٹر ہوگیا۔ ان کا صرف ایک مقصد تھا کہ اپنے خلاف کرپشن کے کیسز معاف کرالیں۔

Comments

- Advertisement -