شارجہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی کرپشن کے خلاف جنگ کرے گی، پاک سعودی تعلقات پائیدار اور مضبوط ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے سعودی عرب کے سرکاری دورے پر عرب میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر سب سے پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نےضرورت پڑنےپرہمیشہ پاکستان کی مددکی، دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اور پائیدار ہیں۔
عمران خان نے کرپشن کے خلاف سعودی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے عندیہ دیا کہ پاکستانی حکومت بھی اسی طرح کرپشن کے خلاف لڑے گی اور اسے ختم کرے گی۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات
دوسری جانب دفتر خارجہ نے عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اعلامیہ جاری کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےخادمین حرمین الشریفین کی دعوت پردورہ کیا اور اُن کا شاہی محل میں شاندار استقبال بھی کیا گیا، عمران خان اور اُن کے وفد کے لیے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اورسعودی فرمانرواکی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پرگفتگو ہوئی جس میں علاقائی وعالمی اموراورامت مسلمہ کودرپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا
وزیراعظم ولی عہد کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا علاوہ ازیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات پر بھی غور کیا گیا۔