اشتہار

عمران خان کا قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ کر سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے صدر مملکت کو ایک خط بھیجا ہے جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حلف کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ چند روزکے دوران عوامی سطح پر ہوش ربا انکشافات سامنے آئے، معلومات سے واضح ہے کہ قمر باجوہ حلف کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، انھوں نے صحافی جاوید چوہدری کے روبرو مجھ سے متعلق اعتراف کیا، اور کہا ہم عمران خان کو ملک کے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔

- Advertisement -

عمران خان نے کہا ’’قمر باجوہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اگر عمران خان اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان ہوگا، قمر جاوید باجوہ کی جانب سے’’ہم ‘‘ کے لفظ کا استعمال تحقیق طلب ہے، تحقیق کی جائے کہ قمر باجوہ کی جانب سے استعمال کردہ ’’ہم‘‘ سے کیا مراد ہے؟‘‘

عمران خان نے خط میں کہا کہ قمر باجوہ کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ منتخب وزیر اعظم کے اقتدار سے متعلق فیصلہ کریں، یہ فیصلہ صرف عوام کا ہے کہ وہ کس کو وزیر اعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں، قمر باجوہ کا اس ضمن میں خود کو فیصلہ ساز بنانا آئین اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔

خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ قمر جاوید باجوہ نے اپنی گفتگو میں نیب کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ بھی کیا، اس دعوے کی حقیقت سے قطع نظر قمر باجوہ نے تسلیم کیا کہ شوکت ترین کے خلاف انھوں نے مقدمہ ختم کرایا، ان کا یہ دعویٰ بھی حلف کی خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے مزید لکھا کہ قمر باجوہ نے ایک دوسرے صحافی آفتاب اقبال سے بھی گفتگو میں عتراف کیا، اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ گفتگو کی ریکارڈنگز موجود ہیں، صحافی آفتاب اقبال نے تفصیلات وی لاگ کے ذریعے قوم کے سامنے رکھی ہیں۔ قمر باجوہ کی جانب سے گفتگو کی ریکارڈنگز حلف اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عمران خان نے خط میں سوال اٹھایا کہ ’’یہ سوال اہم ہے کہ قمر باجوہ کیوں اور کس حیثیت سے ریکارڈنگ کیا کرتے تھے؟‘‘

خط میں چیئرمین نے کہا قمر باجوہ نے روس، یوکرین جنگ پر حکومت کی پالیسی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، انھوں نے 2 اپریل 2022 کو سیکیورٹی کانفرنس میں حکومتی پالیسی سے متضاد مؤقف اپنایا، حکومتی پالیسی وزارت خارجہ اور متعلقہ ماہرین نے اتفاق رائے سے مرتب کی تھی۔

سابق وزیر اعظم نے لکھا کہ صدر مملکت اور سپریم کمانڈر کے ناطے آپ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، اور تحقیقات کی جائیں کہ قمر جاوید باجوہ نے حلف کی سنگین خلاف ورزیاں کیوں کیں؟

Comments

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں