لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معشیت مستحکم نہیں ہوسکتی، صاف اور شفاف انتخابات ہی واحد حل ہے
تفصیلات کے مطابق حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کی تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب حکومت میں آیاتو بریفنگ ملی کہ معیشت کی صورت حال اچھی نہیں، اس کےباوجود ہم نےمعیشت کوسنبھالادیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف میڈیا پروپیگنڈا کیاجارہاتھا،ساڑھےتین سال حکومت میں رہا اس کے بعد ان کو لایا گیا، کیا وجہ تھی کہ بہترین پرفارمنس والی حکومت کوہٹایا گیا اور چوروں کومسلط کردیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملکی معیشت اس وقت خوفناک صورت حال سے دوچار ہے، صاف اور شفاف انتخابات واحد حل ہے، ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معشیت مستحکم نہیں ہوسکتی، جونئی حکومت مینڈیٹ لیکرآئے وہ معیشت سے مشکل فیصلےکرے۔
انہوں نے کہا کہ بِلوں کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا ہے، یہ خوفزدہ ہیں، انہیں پتا ہے عوام کہاں کھڑی ہے، یہ جس طرف سے بھی کان پکڑلیں، حل صرف الیکشن ہی ہے۔
وائٹ پیپر جاری کرنے کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ ہر فن مولا بن گئے تھے، ان کو یہی نہیں پتا کہ خوشحالی اور قانون کی حکمرانی جڑے ہوئے ہیں، ہمیں لیکچر دیئے جارہے تھے کہ ان کو این آر او دے دو اور آپ معیشت پر توجہ دو۔