اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے ثابت کیا کہ نواز شریف نے قوم سے خطاب میں جھوٹ بولا۔ نواز شریف خود کو بچانے کے لیے ٹرمپ کو ہی نہ بلالیں۔
تفصیلات کے مطابق بنی گالہ کے باہر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک دولت کا شریف خاندان کے پاس کوئی جواب نہیں۔ منی لانڈرنگ کا پیسہ باہر جاتا ہے اور ڈرائی کلین ہو کر واپس آجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کیا کہ نواز شریف نے قوم سے خطاب میں جھوٹ بولا۔ میری درخواست ہے کہ کیس کا فیصلہ یہی بینچ کرے۔ بینچ اس کیس کا فیصلہ کرنے کا اہل ہے، ہم بینچ کا احترام کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان گزشتہ 8 ماہ سے اس کیس میں پھنسا ہوا ہے۔ اس دوران نواز شریف مزید منصوبوں کا افتتاح کر دیں گے اور اربوں روپے کے پل اور سڑکیں بنادیں گے۔ کوئی بھروسہ نہیں کہ وہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کو نہ بلالیں۔
اس سے قبل بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سینئر ارکان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی قیادت نے پاناما کیس میں نعیم بخاری اور ان کی لیگل ٹیم کی کارکردگی کو بہترین تیاری کے ساتھ کیس پیش کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔