کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کےحالات اتنےخراب تھےعارف علوی آیت الکرسی پڑھ کرنکلتےتھے، جب تک کراچی خوشحال نہیں ہوگا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، کراچی کے سارے مسئلے مقامی حکومت کے مسائل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ کراچی کو لندن اور پیرس کی طرح چلنا چاہئے، آئندہ الیکشن میں کراچی کے لیے بھی پورا زور لگا رہے ہیں، کراچی لاوارث شہر بنا ہوا ہے، اندرون سندھ سے جیتنے والا پاور میں آجاتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جو یہاں بیٹھے ہیں وہ کہتے ہیں 30 سال سے ہمارے پاس اختیارات نہیں، وہاں کے جو لوگ یہاں بیٹھے ہیں انہیں کوئی دلچسپی ہی نہیں، وسیم اختر نے کہا ہمیں خیبر پختونخوا والا مقامی حکومت کا نظام چاہئے۔
عمران خان نے کہا کہ کسی بھی شہر میں پولیس کا کام امن و امان کی صورتحال ٹھیک کرنا ہے، پنجاب کے عوام پولیس سے خوف کھاتے ہیں، وہاں پولیس قتل کرنے کے کام آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذات کے لیے سیاست میں آنے والے مسائل حل نہیں کرتے، ایسے لوگ پیسہ اور جائیدادیں بنانے کے لیے سیاست میں آتے ہیں، دیکھنا چاہیے ایسے لوگوں کے سیاست میں آنے سے پہلے کتنے اثاثے تھے؟ ایسے کرپٹ لوگ پیسہ نہیں بناسکتے جب تک ادارے تباہ نہ کردیں، ادارے مضبوط کرنے اور لوگوں پر پیسہ خرچ کرنے سے قوم کی ترقی ہوتی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس نے کرپشن کے الزام پر اپنے وزیر کو پکڑا، چیلنج کرتا ہوں وفاق خیبرپختونخوا میں کرپشن چیک کرے، خیبرپختونخوا میں کوئی ماورائے عدالت قتل نہیں بتاسکتا، خیبرپختونخوا میں ہم پہلے سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں قائد اعظم کے بعد کوئی لیڈر ہے تو وہ نواز شریف ہے، اس سے زیادہ قائد اعظم کی توہین ہو ہی نہیں سکتی، قائد اعظم نے آزادی کے لیے سخت جدوجہد کی، اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاست سے پیسہ بنانا ہوتا تو 22 سال میں بہت مواقع ملے، پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جو لوگوں کا سودا نہیں کرتی، ہم لوگوں کے لیے ٹرینڈ سیٹ کرتے ہیں، جنون کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، پیسے سے نظریہ نہیں خریدا جاسکتا، دلوں کے اوپر اللہ راج کرتا ہے، تکبر اللہ کو سب سے زیادہ ناپسند ہے۔