بالی ووڈ اداکار عمران خان نے اونتیکا ملک کے ساتھ اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی ہے اور اس کی وجہ بتائی ہے۔
عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اونتیکا سے 2011 میں شادی کی تھی لیکن 2019 میں دنوں الگ ہوگئے اور ان میں طلاق ہوگئی تھی، اب حالیہ انٹرویو میں عمران نے اس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے شادی کی تو عمر بہت چھوٹی تھی ہم ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کرسکے۔
عمران خان نے کہا کہ جب میں نے اونتیکا کے ساتھ رشتے کا آغاز کیا تھا تو عمر میں بہت چھوٹا تھا، اس وقت صرف 19 سال کا تھا اور تمام نیک نیتی کے ساتھ اسکے بعد شادی کی تھی۔
تاہم جیسا کہ بعض اوقات اس قسم کے طویل مدتی تعلقات کے ساتھ ہوتا ہے خاص طور پر جب آپ بہت چھوٹی عمر میں یہ رشتہ شروع کرتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ نوعمری کے سالوں کے بعد آپ میں بہت ساری باہمی چیزیں تبدیل ہوتی ہیں کیوں کہ آپ اس وقت پختہ عمر کے نہیں تھے اور جیسے جیسے آپ بڑے ہوتے گئے تبدیلی آئی۔
انھوں نے کہا کہ شاید کسی نہ کسی طرح سے ہم ایک دوسرے کےلیے بہتر ثابت نہیں ہورہے تھے، ہم ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کررہے تھے اور ایک دوسرے کو بااختیار نہیں بنا رہے تھے۔