اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سکھوں کو کرتاپور راہداری کا تحفہ دینے پر بھارت میں عمران خان کی دھوم مچ گئی، امرتسر میں وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر والے بل بورڈز آویزاں کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جوں جوں کرتارپور راہداری کے افتتاح کی تاریخ قریب آتی جارہی ہے سکھوں کا جوش و جزبہ بڑھتا جارہا ہے، اپنے مقدس مذہبی مقام تک رسائی ملنے پر بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھ وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
بھارتی ریاست امرتسر میں کرتار پور رداہدری کا تحفہ ملنے پر وزیراعظم عمران خان کی خوب دھوم ہے اور شہر بھر میں عمران خان کی تصاویر والے بڑے بڑے بل بورڈز لگا دیے گئے ہیں۔ نوجوت سنگھ سِدّھو کی تصویر بھی بورڈز پر موجود ہے۔
سکھ رہنما ہڑپال سنگھ ورکا کا کہنا ہے کہ کوریڈور کھلوانے کےاصلی ہیرو عمران خان اور سدھو ہیں، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرتارپورراہداری منصوبے کی تکمیل مکمل ہوگئی ہے، کرتارپور زیروپوائنٹ پر گیٹ کی تنصیب اور تزئین وآرائش بھی کردی گئی اور وزیراعظم 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ سروربنائے گئے ہیں، بھارت سے آئے سکھ یاتری گوردوارہ میں الگ گیٹ سے داخل ہوں گے، بیرون واندرون ملک سے آنیوالے یاتری علیحدہ گیٹ سے داخل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بارڈر ٹرمینل پر تمام کاؤنٹرز بھی مکمل کرلیے گئے، سکھ یاتریوں کے لنگر کے لیے 40ایکڑ زمین پر سبزیاں اگائی جائیں گی، بڑے لنگر کھانے میں ایک وقت میں ڈھائی ہزار یاتری کھانا کھاسکیں گے۔