اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتےکراچی آرہاہوں ، پی ٹی آئی سندھ کوآصف زرداری کے چنگل سے چھڑوائے گی، نواز شریف کو کٹہرے میں لے آئے اب آصف زرداری کی باری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے علی زیدی کی ملاقات ہوئی ، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ آئندہ ہفتے کراچی آرہا ہوں، عوام سے ملکر آصف زرداری اور ٹولے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی لوٹ کھسوٹ ناقابل برداشت ہے، پی ٹی آئی سندھ کوآصف زرداری کےچنگل سے چھڑوائے گی۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف کو کٹہرے میں لے آئے اب آصف زرداری کی باری ہے ، ملک کرپشن فری کرنے کیلئے آصف زرداری کا تعاقب کرینگے۔
مزید پڑھیں : سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے: عمران خان
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ پر خصوصی توجہ ہے، تبدیلی کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ سندھ پیپلز پارٹی کی بدترین انتظامی کارکردگی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے، سندھ کے ظالم حکمرانوں نےعوام کوصاف پانی سےبھی محروم رکھاہے، کھوکھلے نعروں سے سندھ کے عوام کی رگوں میں زہر اتارا جارہا ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھی عوام پر بدترین اور کرپٹ ترین ٹولہ مسلط ہے، شہری اور دیہی سندھ کی امیدوں کا واحد مرکز تبدیلی کاپیغام ہے۔