تازہ ترین

عمران خان نے نیب کے 19 مئی کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا

لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نیب کے 19 مئی کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب کے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ نیب نوٹس سے واضح ہے کہ الزامات وفاقی کابینہ کی جانب سے رازدارانہ معاہدے کی منظوری ہے، 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود ہے، رقم سے قسم کا کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ذاتی طور پر این سی اے سے طے معاہدے کا حصہ نہیں تھا لہٰذا کوئی معلومات نہیں، نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات من گھڑت، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

عمران خان نے جواب میں کہا کہ نیب کی جانب سے ضروری دستاویز فراہم نہ کرنے کا الزام بھی غلط ہے، نیب کال اپ نوٹس کے جواب میں میری دسترس میں موجود دستاویز جمع کرائی جاچکی ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ میں یا میری اہلیہ نے ٹرسٹی کے طور پر کسی اراضی یا دیگر ذرائع سے مالی فائدہ نہیں اٹھایا، کابینہ نے رازدارانہ معاہدے کی منظوری متفقہ طور پر قانون کے مطابق دی تھی۔

عمران خان نے جواب میں موقف اختیار کیا کہ نیب میں پیشی سے قبل گزشتہ جواب میں اعتراضات سے آگاہ کرچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیب انکوائری رپورٹ نو مئی کو غیرقانونی گرفتاری کے بعد موصول ہوئی جو پولیس لائنز میں رہ گئی، درخواست ہے انکوائری رپورٹ کی ایک کاپی زمان پارک رہائشگاہ پہنچائی جائے۔

Comments

- Advertisement -