اتوار, فروری 16, 2025
اشتہار

وزیر اعظم سندھ کے 2 روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعظم عمران خان سندھ کے 2 روزہ دورے پر آج شام 6 بجے کراچی پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کراچی پہنچیں گے، رات کراچی میں قیام کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سےملاقاتیں ہوں گی۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کرونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، کرونا مریضوں کے لیے موبائل اسپتال کا بھی معائنہ کریں گے۔

اس دوران وزیر اعظم تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کریں گے، پی ٹی آئی کے صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات ہوگی، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

وزیر اعظم سے ایم کیو ایم کا وفد بدھ کے روز دوپہر 12 بجے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرے گا، وفد میں نوید جمیل، وسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق شامل ہوں گے، صوبے کی صورت حال، عوامی مسائل، وفاق کے زیر انتظام منصوبوں پر بات ہوگی، کراچی پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں، کے فور، سرکلر ریلوے کے امور زیر غور آئیں گے، ایم کیو ایم جعلی ڈومیسائل، سرکاری نوکریوں کی بندر بانٹ کا معاملہ بھی سامنے رکھے گی، سرکاری و نجی اسپتالوں میں سہولتوں، سندھ میں گورننس کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کا سندھ دورے کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان بدھ کی دوپہر لاڑکانہ جائیں گے جہاں وہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، احساس سینٹر کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے، بعد ازاں بدھ کی شام ہی کو لاڑکانہ سے اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے وزیر اعظم نے 12 جون کو لاہور کا بھی دو روزہ دورہ کیا تھا، انھوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں کیں، ایوان وزیر اعلیٰ میں خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں لاہور کے مختلف مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر بات چیت کی گئی۔

اہم ترین

مزید خبریں