جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے بحرین حکومت پاکستانیوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے دورہ بحرین کے موقع پر ولی عہد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے شاہ بحرین کی دعوت پروفد کے ہمراہ بحرین کا دورہ کیا، شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ نے سخیر محل میں عمران خان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ون آن ون ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال ہوا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے غدیبیہ محل میں بحرین کے ولی عہد سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق حمد بن عیسیٰ نے بحرین کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردارکو سراہا، وزیراعظم نے بحرین میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد کی میزبانی پر شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امید ہے بحرین حکومت پاکستانیوں کو روزگارکے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 3مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے، جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنس وتحقیق، میڈکل سائنسز اور کھیلوں سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔

دونوں ممالک نے عسکری تعاون کے حالیہ معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ عسکری تعاون سے دونوں ملکوں میں معلومات اور انٹیلی جنس تبادلے میں اضافہ ہوگا، متنازع امور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عملدرآمد پراتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں مغربی اور جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے کنگ حماد نرسنگ اینڈمیڈکل یونیوسٹی کے قیام پر عوام کا شکریہ کا پیغام پہنچایا، اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے وزارتی کمیشن کااجلاس2020میں منامہ میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں