پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

عمران خان کا دورہ لندن، سیاسی ضرورت یا نجی مصروفیات ؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کل لندن روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے صاحبزادوں سے ملاقاتوں کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے جس کے لیے عمران خان نے شیخ رشید کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریک انصاف عمران خان کل سے تین روزہ دورے پر لندن روانہ ہو رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی اپنے ہمراہ چلنے کی دعوت دی ہے جب کہ شاہ محمود قریشی پہلے ہی سے لندن پہنچ چکے ہیں‌۔

گو کہ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چار ماہ سے زیادہ کا عرصہ بیت گیا ہے اور وہ اپنے صاحبزادوں سے نہیں مل سکے اس لیے لندن کے حالیہ دورے کا مقصد دونوں صاحبزادوں سے ملاقات کے سوا اور کچھ نہیں ہے تاہم اندرونِ خانہ کہانی کچھ اور نظر آتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں عمران خان کا یہ دورہ غیر معمولی ہے،عمران خان کو پاناما لیکس اور مے فیئر فلیٹس کی فروخت سے جڑے اہم دستاویزی ثبوت کی تلاش ہے جن تک رسائی کے لیے عمران خان کی لندن میں اہم ملاقاتوں کا امکان ہے جس کے لیے شاہ محمود قریشی پہلے ہی لندن پہنچ چکے ہیں جب کہ عمران خان نے ٹیلی فون کے شیخ رشید احمد سے بھی لندن ساتھ چلنے کی درخواست کی ہے۔

شیخ رشید احمد کو لندن ساتھ چلنے کی پیشکش سے اس بات کو تقویت مل رہی ہے کہ عمران خان کا دورہ لندن سیاسی ہے نجی نہیں۔ دوسری جانب شیخ رشید نے عمران خان کے ساتھ لندن روانگی کی پیشکش پر غور کرنا شروع کردیا ہے جس سے اس دورے کی سیاسی اہمیت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے لندن روانگی کا مقصد بچوں سے ملاقات کرنا بتایا ہے جب کہ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان لندن میں اپنے قریبی دوست کی بیٹی کی شادی میں شرکت کریں گے، اس تقریب میں ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق بھی شرکت کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں