تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر سپریم کورٹ کو اسٹے آرڈر دینا چاہیے

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صرف ایک ہی کام ہورہا ہے کہ حمزہ شہباز کسی طرح خود کو وزیراعلیٰ بنادے، سپریم کورٹ سے اپیل ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں اسٹے دینا چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حمزہ شہباز کے انتخاب کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ حمزہ شہباز کا وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب غیرآئینی تھا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، عدالت کے فیصلے نے ثابت کیا حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو اتنے عرصے تک وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا کوئی حق نہیں تھا، عدالتی فیصلے میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جس کی وضاحت چاہیے، وضاحت نہیں آئی تو پاکستان میں سیاسی بحران بڑھتا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت نے مان لیا حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا تو آج وزیراعلیٰ کیسے ہے؟، عدالتی فیصلے کے بعدحمزہ شہباز کس قانون کے تحت وزیراعلیٰ رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی وضاحت کیلئے سپریم کورٹ جارہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا 24 گھنٹے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا، حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا تو آج بھی وہ کیسے وزیراعلیٰ رہ سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حمزہ شہباز آج بھی وزیراعلیٰ ہے تو اس کے ہوتے دوبارہ انتخاب کیسے شفاف ہوگا، شریف خاندان کی تاریخ ہے یہ کوئی کام ایمانداری کیساتھ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جو بھی کام کرتا ہے اس میں دونمبری کرتا ہے، کاروبار ہو یا الیکشن اس میں دونمبری شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کردار بھی متنازع ہے عدالت میں جاچکے ہیں، حمزہ شہباز اور ڈپٹی اسپیکر کے ماتحت الیکشن مزید بحران پیدا کریگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 24 گھنٹے میں ری پولنگ کا وقت دیا ہے، ہمارے کئی ممبران پاکستان میں نہیں ہے، ایسے 6 ممبرز کو جانتا ہوں جو حج کرنے گئے ہوئے ہیں، 24 گھنٹے میں تو دور دراز علاقوں سے بھی ممبران نہیں آسکتے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں گئے، الیکشن کمیشن کو ہمارے ممبران کو نوٹیفائی کرنا چاہیے تھا تاکہ ووٹ کرتے، ای سی نے متنازع فیصلہ کیا کہ ضمنی انتخاب تک مخصوص نشستوں کو نوٹیفائی نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عدالت گئے، ای سی کے فیصلے کو مسترد کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ابھی تک 5 مخصوص نشستوں کو نوٹیفائی نہیں کیا، 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے وہ بھی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حمزہ شہباز کی موجودگی میں انتخاب ہوگا تو وہ بھی شفاف نہیں ہوں گے، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب دھاندلی سے جیتنے کی کوشش کررہا ہے، حمزہ شہباز پولیس کو استعمال کررہا ہے، بلیک میلنگ کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کی ہے، کل صبح ہم سپریم کورٹ کے پاس جارہے ہیں وضاحت چاہتے ہیں، پاکستان میں پہلے ہی سیاسی بحران ہے، کل وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوا تو خدشہ ہے سیاسی بحران مزید بڑھےگا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے کہ بحران مزید بڑھے، پنجاب میں صرف ایک ہی کام ہورہا ہے کہ حمزہ شہباز کسی طرح خود کو وزیراعلیٰ بنادے، سپریم کورٹ سے اپیل ہے وزیراعلیٰ پنجاب کےانتخاب میں اسٹے دینا چاہیے۔

Comments

- Advertisement -