پاکستانی فلمز اور ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی بے مثال اداکاری سے شہرت پانے والے اداکار اسماعیل تارا کو جمعے کے روز سپرد خاک کردیا گیا۔
اپنی مزاحیہ اداکاری سے لاکھوں لوگوں کو ہنسانے والے اسماعیل تارا جمعرات کی رات طویل علالت کے باعث 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔
یہ پڑھیں: معروف کامیڈین اداکار اسماعیل تارا انتقال کرگئے
انہوں نے پی ٹی وی کے مزاحیہ ڈرامے ’ففٹی ففٹی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے وہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے متعدد ڈراموں بھی مزاحیہ کردار نبھا چکے ہیں۔
انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں ’انگنا‘ اور ’وہ پاگل سی‘ میں والد کا کردار نبھایا، اے آر وائی پر ہی ’لیاری کنگ لائیو‘ ٹاک شو بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ودیگر شخصیات کی اظہار تعزیت
اسماعیل تارا نے 2019 میں ’پروگرام ’ہرلمحہ پرجوش‘ میں شرکت کی، میزبان وسیم بادامی نے ’باؤنسر راؤنڈ‘ میں ان سے پوچھا کہ ’لوگ آپ جیسے فنکار جو ہنساتے رہتے ہیں سمجھتے ہیں کہ یہ تو ہر وقت مسکراتے ہی رہتے ہیں، لوگوں کے چہروں پر مسکراتیں بکھیرنے والا انسان اندر سے حساس ہوتا ہے، اسماعیل تارا کبھی زندگی میں آبدیدہ ہوئے؟
جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ ’جب میں تھیٹر کررہا تھا ہاؤس فل تھا اور مجھے وہاں شام میں پہنچنا تھا، میرے آٹھ سال کے بیٹے کا انتقال ہوگیا اس وقت اسپتال میں ہی موجود تھا، میں چپ رہا اور تھیٹر چلا گیا کیونکہ ہمارے نام سے لوگ تھیٹر میں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں چپ چاپ گیا پورا شو مکمل کیا اور بعد میں سب کو بتایا کہ ’میرے بیٹے کا انتقال ہوگیا ہے۔‘
View this post on Instagram
میزبان نے پوچھا کہ ’آپ نے یہ سب کیسے کرلیا؟’ انہوں نے بتایا کہ میں سب کچھ بھلا کر شو کرنے گیا تھا اگر میں سب کچھ نہیں بھلاتا تو یہ مزاحیہ تھیٹر نہیں کرسکتا تھا، انہوں نے کہا کہ گھر والے بھی میرے مزاج کو سمجھتے تھے کہ ان کو روکیں بھی تو یہ پھر بھی جائیں گے، آخر میں میزبان نے ان کے بیٹے کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔