اسلام آباد: آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہش ادھوری رہ گئی، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے کئی ماہ سے جاری ہوم ورک پر پانی پھیر دیا۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی آزاد کشمیر کی تنظیم عدم اعتماد لانے کی خواہش مند تھی، اور اِن ہاؤس تبدیلی کے لیے ہوم ورک بھی مکمل کر لیا گیا تھا، اس کے لیے پلاننگ کئی ماہ سے کی جا رہی تھی، اور چند روز قبل مرکزی قیادت کو اس لہ تجویز پیش کی گئی۔
تاہم قیادت نے آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کی تجویز یکسر مسترد کر دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر پیپلز پارٹی تقسیم تھی، بعض مقامی رہنما تحریک عدم اعتماد لانے کے مخالف تھے، جب کہ حامی رہنما قیادت کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق اِن ہاؤس تبدیلی کے مخالف رہنماؤں نے مرکزی قیادت کو مضمرات سے آگاہ کیا، اور کہا کہ موجودہ حالات میں اِن ہاؤس تبدیلی درست فیصلہ نہیں، عدم اعتماد کی کوشش پر پی پی کے بارے میں منفی تاثر جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کو آزاد کشمیر حکومت کا ساتھ دینے کی ہدایت کر دی ہے، اور کہا کہ پارٹی آزاد کشمیر حکومت کے استحکام میں کردار ادا کرے۔