اسلام آباد: ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 4 مریض انتقال کر گئے، این سی او سی کا کہنا ہے ملک بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 6,393 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا کیسز اور اموات کی تعداد میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 655 کرونا کیسز سامنے آئے، جبکہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 4 مریضوں نے دم توڑا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا سے کُل اموات 6,393 ہو گئی ہیں، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 499 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد اب تک صحت یاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 760 ہوچکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 97 کروناٹیسٹ کیےگئے،ملک بھر میں تاحال 30 لاکھ 24 ہزار 987 کروناٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کرونا وائرس، یورپی یونین بھی پاکستانی حکومت کے اقدامات کی تعریف پر مجبور
اس سے قبل 6 ستمبر کو یورپی یونین نے کرونا کے خلاف پاکستانی حکومت کی کاوشوں اور بالخصوص اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے کو سراہا تھا۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد دیگر ممالک کی طرح پاکستان نے بھی مارچ سے ملک بھر میں لاک ڈاون کر کے اسکول، کالج سمیت تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی تھیں جسے اگست میں ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی۔