کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران 1150 نئے کرونا کیسز سامنے آئے، آج مزید 27 افراد وبا سے انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق کروناصورت حال سے متعلق اپنے تازہ بیان میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وبائی مرض سے آج صوبے میں 27 مریضوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد1205 ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 5103 نئے ٹیسٹ کیے گئے، صوبے بھر میں اب تک 414248 ٹیسٹ ہوچکے ہیں، سندھ میں مجموعی طور پ 76318 کرونا کے کیسزرپورٹ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مزید 1252 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، مجموعی طور پر اب تک 41992 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، اس وقت 33121 مریض زیرعلاج ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے ہلاکتوں اور روزانہ کیسز میں مزید کمی
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے ہلاکتوں اور روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز میں کمی آ گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 14 واں ملک ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 2,775 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 59 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 195,745 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 3,962 ہو گئی ہے۔