کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں حالات خطرناک شکل اختیار کرتے جارہے ہیں، اب تک سندھ میں 65 ہزار 163 کرونا کیسز ہوچکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مزید 49 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد سندھ بھر میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1013 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے میں کرونا کے 13ہزار 662 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 3 لاکھ 54 ہزار 129 ٹیسٹ ہوچکے ہیں، آج کرونا کے 2894 نئے کیسز سامنے آئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب تک سندھ میں 65 ہزار 163 کرونا کیسز ہوچکے ہیں، سندھ میں اس وقت 31 ہزار 425 مریض زیر علاج ہیں، زیر علاج مریضوں میں 29 ہزار 818 گھر، 64 آئسولیشن مراکز میں ہیں، 1543 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 673 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 113 لوگ وینٹی لیٹر پر موجود ہیں جبکہ آج 1691 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج شہر قائد میں 1 ہزار 626 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع شرقی میں 471، ضلع ساوتھ میں 413، سینٹرل میں 255 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملیر میں 213، کورنگی 150 اور ویسٹ میں 124کیسز سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت کی خاطر مختلف علاقوں میں منتخب لاک ڈاون کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو انتظامیہ سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے تعاون سے ہم عوام کو اس وبائی صورتحال سے نکال لیں گے۔