اشتہار

سال 2022 میں شوبز کے کئی جگمگاتے ستارے بھی ڈوب گئے

اشتہار

حیرت انگیز

سال 2022 جہاں اچھی یادوں کےساتھ رخصت ہو رہا ہے وہیں کچھ غم بھی دے گیا اس سال کئی ملکی اور بین الاقوامی نامور شوبز اسٹار بھی دنیا سے رخصت ہوئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سال 2022 جہاں کئی شعبوں کی اہم شخصیات کا داغ جدائی دے کر گیا وہیں اس سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں شوبز کی کئی نامور شخصیات نے اس جہان فانی سے رخصت ہوئیں۔

پاکستان کے مایہ ناز اداکار رشید ناز نے سال رواں کے آغاز میں 17 جنوری کو 73 برس کی عمر میں داغ مفارقت دیا۔ ٹی وی کے کئی مشہور ڈراموں نے ناقابل فراموش کردار ادا کرنے والے رشید ناز نے شعیب منصور کی عالمی شہرت یافتہ فلم ’’خدا کے لیے‘‘ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

- Advertisement -

سروں کی دنیا پر 6 دہائیوں تک راج کرنے اور بلبل ہند کا خطاب پانے والی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر بھی 6 فروری کو اپنے مداحوں کا افسردہ چھوڑ گئیں۔

آنجہانی لتا منگیشکر نے سینکڑوں بھارتی فلموں میں ہزاروں فلمی گیت گائے اور سرحدیں پار کرکے شہرت کے ڈنکے بجائے۔ ان کے گانے آج بھی سننے والوں کے بھاتے ہیں۔ لتا کی آواز نے جہاں بیسویں صدی کی کلاسک اداکاراؤں نرگس، مینا کماری، مدھو بالا، ریکھا کے لیے پلے بیک سنگنگ کی وہیں اکیسویں صدی کی مقبول فنکاراؤں کاجول، رانی مکر جی، پرتی زنٹا سمیت کئی اداکاراؤں کو اپنے لازوال گیتوں سے شہرت بخشی۔

لتا منگیشکر خرابی طبعیت کے باعث کئی سال سے گلوکاری سے دور تھیں اور رواں برس 96 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔

پاکستان فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار مسعود اختر بھی کئی سال تک موذی مرض کینسر سے لڑتے لڑتے 5 مارچ کو زندگی کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں لالی ووڈ کی کئی فلموں میں اہم کردار ادا کیے۔

گردوں کے عارضے میں مبتلا معروف کامیڈین اداکار خواجہ مسعود کا انتقال 22 جون کو ہوا۔

ٹی وی کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار تنویر جمال 13 جولائی کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہیں بھی کینسر کا عارضہ لاحق تھا۔

اپنی سریلی آواز سے کئی فلموں کو شہرت کے دوام پر پہنچانے والی بلبل پاکستان نیرہ نور بھی 72 برس کی عمر میں رواں سال 20 اگست کو اس دنیا سے کوچ کر گئیں۔

نیرہ نور نے مشہور فلمی نغموں کے ساتھ دلوں کو گرمانے والے کئی شہرہ آفاق ملی نغمے بھی گائے۔

نومبر کا مہینہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے لیے بڑا غمگین مہینہ ثابت ہوا کہ اس ماہ تین معروف اداکار ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ معروف کامیڈین طارق ٹیڈی 19 نومبر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ چند روز بعد ہی 23 نومبر کو اداکار نوید رشید عرف ٹونی کا انتقال ہوا۔

پاکستان ٹی وی، اسٹیج اور فلموں کے نامور فنکار اسماعیل تارا 24 نومبر کو اپنے مداحوں کو روتا چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوئے۔

پی ٹی وی کے سنہرے دور کی سیریز ففٹی ففٹی میں انہوں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیے جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

سال 2022 جاتے جاتے افضال احمد اور بلقیس خانم کا داغ جدائی بھی دے گیا۔

افضال احمد نے کئی دہائیوں تک پاکستان ٹی وی، فلم اور اسٹیج کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کیا وہ طویل عرصے سے فالج کے باعث شوبز سرگرمیوں سے دور تھے۔ 2 دسمبر کو وہ اسی بیماری میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔

ماضی کی معروف گلوکارہ بلقیس خانم 21 دسمبر کو چل بسیں۔ انہوں نے فلم اور ٹی وی دونوں شعبوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

سال 2022 میں انتقال کرنے والے بالی ووڈ اداکاروں کی بات کریں تو مشہور زمانہ مسٹری فلم سیریز ہیری پوٹر میں ہیگریڈ کے کردار سے شہرت پانے والے اداکار روبی کولٹرین اور دی گاڈ فادر میں گینگسٹر سونی کورلیون کا مشہور زمانہ کردار نبھانے والے جیمز کین بھی ہم میں نہیں رہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں