لاہور : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو معطل کرنے کا حکم دے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔
متفرق درخواست جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزر نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں گر چکی ہیں،پیٹرول کی قیمتیں کم کرکےعوام کوریلیف فراہم نہیں کیاگیا۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ قیمتوں میں اضافےسےمہنگائی میں بےپناہ اضافہ ہوگا، استدعا ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکومعطل کرنے کا حکم دے۔
گذشتہ روز وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل 35 روپے مہنگا کردیا تھا۔
وزیر خزانہ نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کی صبح11 بجے سے پٹرول 35 روپے اضافے کے بعد 249 روپے 80 پیسے فی لٹر اور ڈیزل 35 روپے اضافے کے بعد 262 روپے 80 پیسے فی لٹر کردیا گیا ہے۔