راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل حملہ کیا ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بزدل دشمن بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 شہروں پر میزائل داغے ہیں، میزائل حملوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وقت کا تعین کرکے بھارت کو بھرپور جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا، پاکستان کی فضائیہ الرٹ تھی اسی لیے کسی بھارتی جہاز کو حدود میں نہیں آنے دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے مسجد سبحان اللہ احمد پور شرقیہ بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں میزائل داغے، بھارت نے بلااشتعال اور شرمناک حملے کا پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان میں جارحیت کی، بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی جرات نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے جارحیت تو کردی اب پاکستان کے جواب کا انتظار کرے، بزدل دشمن نے ایک مرتبہ پھر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے شہری علاقوں پر حملے کیے، جن میں کوئی فوجی تنصیب نہیں تھی، جو بزدلی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول یا انٹرنیشنل بارڈر کے پار حملے کیے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے غیر فوجی اور عوامی آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جو جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کے صریحاً خلاف ہے
بزدلانہ حملے میں ایک بچہ اور دو شہری شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوٹلی میں مسجد پر حملہ کیا گیا، 2 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جبکہ احمد پور شرقیہ میں12شہری زخمی ہوئے، مساجد پر حملے مودی کے ہندوتوا سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندگان کی رپورٹ کے مطابق مظفرآباد، بہاولپور اور فیصل آباد میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، جنگی جہازوں کی گھن گرج سے شہر لرز اٹھے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک بچہ شہید، ایک خاتون اور ایک مرد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، بھارت نےاندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا۔
میدان میں آئیں دو دو ہاتھ کرتے ہیں، وزیردفاع خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے میزائل حملے سویلین آبادی پر کیے، بزدلوں نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میدان میں آئیں پھر دو دو ہاتھ کرتے ہیں، بزدلوں نے اپنے گھر سے نکلنےکی ہمت نہیں کی، بھارت نے جس طرح حملہ کیا اس سے بڑھ کرجواب دیں گے۔
بھارت کا حملہ : پاکستانی فضائی حدود میں پروازوں کا رخ تبدیل
کراچی : بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس بند کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع پی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل حملے کے بعد کراچی کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے کھلی ہے۔
ذرائع پی اے اے کے مطابق بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا ہے۔
جدہ سے اسلام آباد جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ جدہ سے لاہور جانے والی سعودی پرواز کا رخ بھی کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ابوظہبی سے دہلی جانے والی پرواز جو پاکستانی فضائی حدود میں تھی اس کا رخ بھی موڑ دیا گیا، تازہ اطلاعات کے مطابق پرواز ابھی کراچی کے اوپر پروازکر رہی ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ واپس ابوظہبی چلی جائے۔
لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس بند، پروازیں واپس
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کو بند کردیا گیا، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد ائیر پورٹ لینڈ کرنے والی پروازیں واپس بھیج دی گئیں، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، دبئی، قطر اور دیگرممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا، پاکستان کی فضائی حدود اوور فلائنگ کیلئے بند کردی گئی۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 9 حملے کیے ہیں۔
دفتر خارجہ کا بھارتی حملوں پر شدید ردعمل
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے بلااشتعال اور کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بھارت نےاسٹینڈ آف ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔
یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر،عالمی قانون، ریاستوں کے درمیان اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پہلگام حملے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر دہشت گردی کا بہانہ بنا کر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔
بھارتی قیادت نے مظلومیت کا ڈھونگ رچاکرخطے کی سلامتی کو داؤ پر لگادیا، بھارت کا غیرذمہ دارانہ اقدام ایٹمی طاقتوں میں شدید تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔
خبر کی اپڈیٹ جاری ہے