کوانتان: ملیشیا میں منعقد ہونے والے آٹھویں جونئیرایشیا ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جونئیر ایشیا ہاکی چیمپئین شپ کا فائنل آج ملیشیا کے شہر کوانتان میں منعقد ہوا جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔
بھارت نے اس میچ میں پاکستان کے خلاف چھ گول اسکورکئے جبکہ پاکستانی ٹیم محض دو گول اسکورکرپائی۔
ہرمن پریت سنگھ کی ہیٹ ٹرک نے بھارت کو تین صفر کی برتری دلا دی جبکہ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل محمد یعقوب نے پاکستان کیلئے پہلا گول اسکورکیا۔
دوسرا ہاف میں بھی بھارتی کھلاڑی نے جارحانہ انداز کو برقرار رکھا اور مزید دو گول اسکور کیے، آخری لمحات میں پاکستان ٹیم مزید ایک گول کرسکی جو کامیابی کیلئے ناکافی تھا۔
پاکستان کی جانب سے محمد یعقوب اورمحمد دلبر نے ایک ایک گول اسکورکیا۔
پاکستان نے گزشتہ روز سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو پنالٹی شوٹ پرشکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور بھارت گزشتہ 27 سال میں چھ چھ بار فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کا فائنل میں ٹکراوٗ چوتھی بار ہوا ہے۔
پاکستان نے 1996 اور 2008 کے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی جبکہ بھارت 2004 کے بعد اب پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوا ہے۔