بھارت میں 31 سالہ شخص کو آئرش سیاح خاتون ڈینیئل میک لافلن کی عصمت دری اور قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی گئی۔
عدالت نے پیر کے روز 31 سالہ شخص کو جرم کے تقریباً آٹھ سال بعد سزا سنائی، سیاحتی مقام گوا میں یہ واقعہ پیش آیا تھا، ڈینیئل میک لافلن 28 سال کی تھی جب انھوں نے مارچ 2017 میں گوا کا دورہ کیا تھا اور اس کی مجرم وکات بھگت سے دوستی ہوئی تھی۔
تفتیشی افسر فلومینو کوسٹا نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ آج عدالت نے حتمی فیصلہ سنایا، ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ڈینیئل کے وکیل وکاس ورما نے بتایا کہ اسکی لاش گوا کے پالولیم ساحل کے جنگلی علاقے سے ملی تھی اور اس پر کئی زخم کے نشان موجود تھے، جن میں سے کچھ اس کے چہرے پر بھی تھے۔
وکاس ورما نے بتایا کہ جان جانے کے نقصان کی کوئی تلافی نہیں ہوسکتی لیکن اس سزا نے خاندان کے غم کو ہلکا کر دیا ہے، یہ تقریباً آٹھ سال کی طویل جنگ تھی لیکن انصاف ہوا ہے۔
وکیل نے کہا کہ فرانزک رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خاتون کی عصمت دری کی گئی تھی اور اس کی شناخت کو ناکام بنانے کے لیے اس کا چہرہ بیئر کی بوتل سے خراب کیا گیا تھا۔